نئی دہلی، 15؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا) دہلی کے گوشت برآمدکنندہ معین قریشی کو آج دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حراست میں لیا گیا۔حکام نے یہ معلومات دیتے ہوئے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں قریشی کی تلاش کا نوٹس جاری کر رکھا تھا اور اسی کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔حکام نے بتایا کہ قریشی صبح دبئی جانے کے لئے ہوائی اڈے پر پہنچے تھے۔امیگریشن محکمہ کے حکام نے قریشی کے ہوائی اڈے پر ہونے کی اطلاع انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ( ای ڈی) کے حکام کو دی اور انہوں نے وہاں پہنچ کر اسے حراست میں لے لیا۔ہوائی اڈے کے حکام کے مطابق قریشی نے افسران سے کہا کہ انہوں نے عدالت میں مچلکہ بھر کر ا سے بیرون ملک جانے کی اجازت لے رکھی ہے،اس سلسلے میں ان کے وکلاء نے ہوائی اڈے کو کچھ کاغذات فیکس بھی کئے تھے۔سمجھا جاتا ہے کہ ای ڈی کے افسر کافی وقت سے قریشی سے پوچھ گچھ کرنا چاہتے تھے اور انہیں نوٹس بھی بھیجا تھا،پر وہ آج ان کے ہاتھ لگے ہیں۔ایجنسی نے ان کے خلاف منی لانڈرنگ کا معاملہ گزشتہ سال درج کیا تھا۔قریشی پر ٹیکس چوری اور حوالہ سودے میں شامل ہونے کے الزامات میں بھی جانچ چل رہی ہے۔